مودی کو ایک اور جھٹکا،بھارت میں قائم7کمپنیوں پر پابندی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 25فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانہ عائد کرنے کے اعلان کے بعد بھارت میں قائم 7کمپنیوں پر بھی پابندی لگا دی۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں قائم 7کمپنیوں پر پابندیاں لگائی ہیں۔ پابندیوں کا شکارساتوں کمپنیاں ایران سے تیل کی تجارت کرتی ہیں۔امریکا کا کہنا ہے کہ ایران تیل سے حاصل آمدنی کو مشرق وسطی کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے اور اپنے عوام کا استحصال کرتا ہے۔امریکا کے مطابق محکمہ خارجہ ایسی 20کمپنیوں پر پابندی لگارہا ہے جو ایرانی پیٹرولیم، پیٹرولیم مصنوعات یا پیٹرو کیمیکل تجارت میں شریک ہیں اور 10 جہازوں کے خلاف بھی کارروائی کررہا ہے۔کہا جارہا ہے کہ ان 20میں سے 7کمپنیاں بھارت میں قائم ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت امریکا کا اچھا دوست ہے لیکن ہم نے اس کے ساتھ بہت کم کاروبار کیا ہے کیونکہ بھارت کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں اور اس کی طرف سے عائد کردہ غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں سخت ترین اور ناقابلِ قبول ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں