فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں گزشتہ روز تیز ہوائوں’ موسلادھار بارش’ ژالہ باری کے باعث جل تھل ہو گیا، نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے اور فیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹریپ کرنے سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا، ایم ڈی واسا کی ہدایت پر واسا کا عملہ متحرک’ کئی علاقوں میں ابھی تک بارشی پانی نکالا نہ جا سکا’گزشتہ شب فیصل آباد میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے، تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہوا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں گزشتہ روز تیز ہوائوں اور موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث جل تھل ہو گیا، فیصل آباد کے علاقہ غلام محمد آباد میں 100 ملی میٹر سے زائد’ علامہ اقبال کالونی میں 60 ملی میٹر’ گلستان کالونی میں 50ملی میٹر’ جیل روڈ پر 48ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 46 اور ڈوگر بستی میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم ایم ڈی واسا ثاقب رضا بارش کے دوران بھی فیلڈ میں آ گئے اور عملہ کو متحرک کرتے ہوئے سٹاف کی حاضری اور مشینری کے فنکشنل ہونے کا معائنہ بھی کیا اور کئی علاقوں سے بارشی پانی کو کلیئر کروایا تاہم ابھی تک متعدد علاقوں میں بارشی پانی نکالا نہ جا سکا۔ جسکی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تیز ہوائوں اور بارش کے دوران محکمہ فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹریپ ہونے سے شہر بھر کے اکثر علاقوں کی بجلی بند ہونے سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ بعض علاقوں میں ابھی تک بجلی بحال نہ ہو سکی۔ گزشتہ شب فیصل آباد میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہونے سے شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور دعائیں کرنے لگے۔ تاہم زلزلہ سے جانی ومالی نقصان نہ ہوا۔



