موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سالانہ4ارب ڈالر کا نقصان

اسلام آباد(بیورو چیف)پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سالانہ 4ارب ڈالر نقصان کا انکشاف ہوا ہے’پلاننگ کمیشن کی دستاویزات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان آٹھویں نمبر پر آ چکا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں پر کنٹرول نہ کیا تو 2080تک درجہ حرارت میں 4ڈگری مزید اضافہ ہو سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زیر زمین اور پانی کے ذخائر میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔دستاویز میں کہا گیا کہ2030تک پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے348ارب ڈالر کی ضرورت ہے موسمیاتی تبدیلی فنانسنگ کیلئے پانڈا بانڈز اور گرین بانڈز کا اجرا نیشنل کلائمیٹ فنانس اسٹریٹیجی میں شامل ہے۔جاری کردہ دستاویز کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے شروع کئے جائیں گے، نیشنل کلین ایئر پالیسی کے تحت ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعتی دھوئیں کو 81 فیصد کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔پلاننگ کمیشن کی دستاویز میں کہا گیا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی کم صلاحیت، ناقص ایریگیشن سسٹم جیسے مسائل کو حل کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے باعث متعدد فصلوں کی پیداواری گروتھ تاحال بہتر نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں