فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے آپریشنز ڈائریکٹوریٹس کو موسم برسات سے قبل تمام آپریشنل تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جن میں سیوریج لائنوں اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم کی تکمیل جبکہ تمام تر مشینری کو فنکشنل رکھنے سمیت شہریوں کے لئے آگاہی مہم چلانا بھی شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو موسم برسات کے دوران بارشوں کے پانی کی مختصر وقت میں نکاسی ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے پری مون سون تیاریاں جاری ہیں جنہیں موسم برسات سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ موسم برسات میں بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واسا کے زیر انتظام تمام ڈسپوزل اسٹیشنوں کی استعداد کار میں اضافہ، جنریٹرز کی مرمت اور آپریشنل ہونا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ موسم برسات میں بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کے لئے شہر کے مختلف 10 مقامات پر لگائے جانے ایمرجنسی کیمپس کے قیام کے لئے فوری طور پر اقدامات مکمل کئے جائیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے شہریوں سے بھی اپیل کہ مین ہولز اور کھلے نالوں میں کوڑا کرکٹ ہرگز نہ پھینکیں کیونکہ مین ہولز اور ڈرینج نالوں میں سالڈ ویسٹ پھینکنے سے سیوریج کی نکاسی میں مسائل پیدا ہوتے ہیں جس سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی نکاسی آب کی سروسز کے متاثر ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کا تعاون ہی واسا کی معیاری سروسز کی ضمانت ہے۔
