موسم گرما کی پہلی بارش نے واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) موسم گرما کی پہلی بارش نے ہی واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا، نکاسی آب نہ ہونے سے شہر بھر میں ٹریفک جام رہا’ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ نشیبی علاقوں میں اب بھی بارشی پانی نکالا نہ جا سکا، ٹریفک وارڈنز غائب ہونے سے عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) اور اسٹیشن چوک میں کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہا، ایمبولینس بھی پھنس گئیں سی ٹی او نے ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے مزید وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگائیں۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شام موسم گرما کی پہلی بارش نے محکمہ واسا اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی۔ کچہری بازار سمیت دیگر بازاروں اور شہر کے اکثر علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا، 8بازاروں میں وہیکل فری بننے کے بعد رش نہ ہونے سے کچہری بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ جبکہ سمندری روڈ’ ستیانہ روڈ’ غلام محمد آباد’ سمن آباد’ ڈجکوٹ روڈ’ جناح کالونی اور دیگر علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ سمندری روڈ جھال خانوآنہ پل سے آنے والی ٹریفک اور جڑانوالہ روڈ سے عبداﷲ پور پل تا اسٹیشن چوک تک کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہا۔ جبکہ نشیبی علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے اور شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ واسا کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش غلام محمد آباد میں 73ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 52ملی میٹر’ گلستان کالونی میں 39ملی میٹر’ علامہ اقبال کالونی میں 33ملی میٹر’ ڈوگر بستی میں 32ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تو ایم ڈی واسا عامر عزیز کی ہدایت پر محکمہ واسا کا فیلڈ سٹاف بارشی پانی کی نکاسی کیلئے سرگرم رہا۔ جنرل ہسپتال سمن آباد’ نشاط آباد پل’ سرگودھا روڈ اور مین جھنگ روڈ کو بارشی پانی سے کلیئر کر دیا جبکہ دیگر روڈز اور چوراہوں سے بارشی پانی کی نکاسی کیلئے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں