مونس کی گرفتاری رپورٹ طلب

لاہور (بیوروچیف) سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، ان کے بیٹے مونس الٰہی کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں درج منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پیش رفت ہوئی ہے، لاہور کی خصوصی عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ذرائع کے مطابق خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں 20فروری کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو طلب کر لیا۔لاہور کی خصوصی عدالت نے ملزم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مونس الٰہی کی جائیدادیں منجمد کرنے کے دورانیے میں بھی توسیع کردی، دیگر 8ملزمان کی جائیدادیں بھی منجمد رہیں گی۔خصوصی عدالت نے مقدمے میں مونس الٰہی کے شریک ملزم جبران کی گرفتاری سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی۔خصوصی عدالت میں ایف آئی اے میں درج کیے گئے منی لانڈرنگ کیس پر مزید سماعت کل 20فروری کو کی جائے گی۔یاد رہے کہ 15جنوری 2025کو پی ٹی آئی کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف گجرات میں درج قتل و معاونت کا مقدمہ خارج کردیا گیا تھا۔عدالت نے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا، مقدمے کے مدعی اور گواہان نے عدالت میں بیان حلفی جمع کرائے تھے۔مونس الہی کی والدہ بیگم قیصرہ الٰہی نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ 2024میں مونس الٰہی کو منی لانڈرنگ مقدمے میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا، ایف آئی اے نے چالان میں سابق وفاقی وزیر سمیت 6ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں