مونگ پھلی فروش کو قتل کرنیوالے ملزم پکڑے نہ جاسکے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ سمندری روڈ ناولٹی پل کے قریب مونگ پھلی فروش ایک بھائی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے قاتل پکڑے نہ جا سکے، مقتول کے لواحقین کا سمندری روڈ’ تھانہ بٹالہ کالونی کے باہر بھی احتجاج، پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق جمعرات کی شب 8بجے کے قریب ڈوگرانواں روڈ کے قریب رہائش پذیر دو بھائیوں اسماعیل ولد حیدر خان اور ابراہیم خان ولد حیدر خان نے ناولٹی پل مدینہ مارکی کے باہر مونگ پھلی کی ریڑھی لگا رکھی تھی تو بجلی گھر سمندری روڈ کا مدثر ولد اﷲ دتہ ان کے پاس آیا اور مبینہ طور پر مونگ پھلی اٹھائی تو اسماعیل خان نے اسکو منع کرتے ہوئے رقم کا تقاضا کیا تو ان میں تلخ کلامی ہو گئی تو ملزم مدثر اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے اسماعیل خان اور اس کا چھوٹا بھائی ابراہیم خان بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تو سر میں گولی لگنے سے اسماعیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کے بھائی ابراہیم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور پولیس کی جانب سے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر پٹھان برادری نے سمندی روڈ اور تھانہ بٹالہ کالونی کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ تاہم سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جو مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں جس پر مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں