موٹرویز پر مقرر کی گئی نئی حدرفتار پر عملدرآمد شروع

اسلام آباد (بیوروچیف)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے حکومت کی جانب سے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر مقرر کی گئی نئی حدِ رفتار پر بھرپور اور مؤثر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد توانائی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا، ایندھن کی بچت کو فروغ دینا اور شاہراہوں پر ٹریفک کی محفوظ روانی برقرار رکھنا ہے۔ترجمان کے مطابق نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر چھ ہزار سے زائد ٹریفک چالان عائد کیے جا چکے ہیں، موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکار موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر مسلسل پیٹرولنگ کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ مسافروں کے سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ملک بھر میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے نمایاں مقامات، ٹول پلازوں اور اہم انٹرچینجز پر 1100 سے زائد ٹریفک سائن بورڈز اور آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، ان سائن بورڈز کے ذریعے ڈرائیورز کو نئی حدِ رفتار اور ٹریفک قوانین کے بارے میں واضح رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکار قومی شاہراہوں، موٹرویز، ٹول پلازوں اور دیگر اہم مقامات پر روڈ یوزرز سے براہِ راست رابطہ کر کے انہیں حدِ رفتار میں تبدیلی کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں