مویشیوں کا شہری حدود سے انخلاء پھر شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس نے دوبارہ جانوروں کو شہری حدود سے باہر نکالنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا۔ جھنگ روڈ پر واقع بائو والا اور اس کے گرد ونواح میں آپریشن کرتے ہوئے مویشیوں کے باڑوں کو سیل اور مالکان کو بھاری جرمانے اور مقدمات کا اندراج شروع کر دیا۔ تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے مویشیوں کو شہری حدود میں رکھنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن آفیسر عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ ضلعی حکومت کی طرف سے جانوروں کو شہری حدود سے باہر نکالنے کیلئے بھینس کالونیاں بنائی گئیں اور شہریوں کو اپنے جانور بھینس کالونیوں میں لے جانے کا کہا گیا تھا لیکن اس کے باوجود بعض علاقوں میں لوگوں نے شہری حدود میں اپنے گھروں کے ساتھ باڑے بنا کر مویشی رکھے ہوئے ہیں۔ مویشیوں کے گوبر کی وجہ سے ان شہری علاقوں میں سیوریج کی بندش کی شکایات رہتی ہیں۔ سیوریج پائپ لائن بند ہونے سے گلی محلوں میں سیوریج کا پانی نکلنا معمول بنا چکا ہے۔ جس پر شہری حدود میں جانوروں سے انخلاء کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا۔ جھنگ روڈ پر بائو والا میں آپریشن کرتے ہوئے جانوروں کو شہری حدود سے باہر منتقل کر دیا اور باڑے بنانے والے مالکان کو بھاری جرمانے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مویشی مالکان کو کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے مویشی شہری حدود سے باہر منتقل کر دیں۔ اگر کسی نے اپنے مویشی شہری حدود سے باہر منتقل نہ کیے تو ان کے خلاف زبردست ایکشن لیتے ہوئے بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ مقدمات کا اندراج بھی ہو گا۔ بلکہ جانوروں کے فضلہ’ گوبر کی وجہ سے ان علاقوں کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں