مکئی کے بیج کی زائد نرخوں پر فروخت 2 دکانیں سیل’ 2 ڈیلرز گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمودکی زیرِ نگرانی ڈویژن بھر میں مکئی کے بیج کی سرکاری نرخوں سے زائد فروخت اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا گیا۔ سیڈ انسپکٹرز کی ٹیموں نے فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں مختلف بیج ڈیلرز اور دکانوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران مکئی کے بیج کے52 تھیلے، جن کی مجموعی مالیت5 لاکھ 38 ہزار 200 روپے ہے، سرکاری طور پر مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر ضبط کر لئے گئے۔ یہ کارروائی سیڈ ایکٹ 1976(ترامیم 2015 اور 2025)کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران موقع پر دو دکانیں سیل کر دی گئیں اور دو ڈیلرز کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف 7چالان/قلندرے مرتب کر کے متعلقہ عدالتوں میں جمع کرا دیئے گئے۔ ضبط شدہ بیج کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔محکمہ زراعت (توسیع) کسان برادری کے مفادات کے تحفظ اور معیاری زرعی مداخل کی سرکاری نرخوں پر بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز اور سخت قانونی کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں