فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ منیانوالی میں رسم مہندی کی تقریب میں دولہا کے دوستوں کی ہوائی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے 11 سالہ لڑکا جاں بحق اور دلہے کی شادی شدہ بہن بری طرح زخمی ہو گئی، ہوائی فائرنگ کرنیوالے فرار ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دولہا کے والد’ بھائی’ ماموں سمیت 8افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملت ٹائون کے نواحی گائوں 198 رب منیانوالی کے رہائشی غلام رسول جٹ کے بیٹے آفتاب جٹ کی رسم مہندی میں ڈانس پارٹی جاری تھی کہ دولہا کے منچلے دوست خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کر رہے تھے اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جا رہا تھا کہ ملزمان کی ہوائی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے 11سالہ محمد ارسلان ولد نذیر اور دولہا کی بہن عروج زوجہ کاشف سکنہ ملت ٹائون بری طرح زخمی ہو گئے۔ ہوائی فائرنگ کرنیوالے دولہا کے دوست موقع سے فرار ہو گئے۔ مضروبان کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال لایا گیا، جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 11سالہ ارسلان زندگی کی بازی ہار گیاجبکہ دولہا کی بہن ہسپتال میںزیر علاج ہے۔ ایس پی مدینہ ٹائون حافظ کامران اصغر کے نوٹس لینے پر ملت ٹائون پولیس نے دولہا آفتاب کے باپ غلام رسول’ دولہا کے بھائی محمد ارسلان’ ماموں محمد رئوف ولد غلام سرور سکنہ 202 رب بھائی والا سمیت 8 افراد کو حراست میں لیکر پابند سلاسل کر دیااور مقدمہ درج کر لیا۔شادی کی تقریب منسوخ’ گائوں کی فضا سوگوار۔
63