مہنگائی میں اضافہ کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مہنگائی اوربے روزگاری جس خوفناک حد تک بڑھ رہی ہے اس کے اثرات آنیوالے دنوں میں کاروبار پر خطرناک حد تک پڑیں گے’ مہنگائی کی وجہ سے جرائم کی شرح بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس سے تاجر برادری اور دیگر لوگ خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد الیکٹرونکس انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس کے شرکاء سے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمود احمد’ صدر حاجی مرزا عبداللہ’ فنانس سیکرٹری و دیگر مقررین نے کیا’ اجلاس میں فیصل آباد الیکٹرونکس انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری مرزا امجد کمال’ محمد احمد رحمان’ نائب صدور چوہدری نور محمد’ چوہدری عمیر شفیق’ عامر سجاد’ مرزا ذوالفقار علی’ ملک ارسلان’ چوہدری بلال’ ایسوسی ایشن کے عہدیداران’ ممبران کے علاوہ مشہورڈاکٹر جاوید شریف نے شرکت کی’ سرپرست اعلیٰ چوہدری محمود احمد’ صدر حاجی مرزا عبداللہ نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے’ مہنگائی کے جن نے بازاروں سے گاہکوں کو غائب کرنا شروع کردیا ہے بازاروں میں بظاہر رش تو نظر آرہا ہے مگر اکثریت ان میں ایسے لوگوں کی ہے جو صرف دل کی تسلی کیلئے ریٹ پوچھنے آتے ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ تاجر طبقے کو موجودہ حکمرانوں سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اگر حکمران وہ کارکردگی نہیں دکھا رہے جس کی ان سے توقع کی جا رہی تھی’ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداروں نے اسرائیل کی فلسطین میں بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کی ہرممکن مدد کی جائے اور اسرائیل کے مظالم کو روکا جائے’ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر جاوید شریف نے ایسوسی ایشن کے ممبروں کو مختلف بیماریوں سے بچائو کے بارے میں لیکچر دیا اور بتایا کہ کس طرح ہم صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں