فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حکومت آئی ایم ایف سے نئے قرض کے حصول کیلئے صنعتوں ، کاروبار اور عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے کیلئے کسی قسم کا وعدہ نہ کرے کیونکہ بجلی، گیس او رپٹرول کے علاوہ پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ سے لوگوں میں مزید ٹیکس ادا کرنے کی سکت نہیں ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے آج ملکی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے صنعتی پیداوا ر میں کمی قومی المیہ ہے جس سے بیروزگاری کیساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے حکومتی ذرائع ، سٹیٹ بینک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے حوالے سے بتایا کہ اگرمیکرو اکنامک اعشارئیے بہتر ہو رہے ہیں تو حکومت کو فوری طور پر بند صنعتوں کو چلانے اور عوام کی قوت خرید میں اضافہ کیلئے ”بیل آئوٹ پیکج” دینا چاہیے تاکہ لوگوں کو ریلیف دیا جا سکے اور ملک کی مجموعی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے عفریت کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔
17