کمالیہ(نامہ نگار) تحصیل صدر مسلم لیگ (ن) کسان ونگ میاں زاہد الرحمٰن نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے اور ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلائیں گے، آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، ہمارے قائدین بانی پاکستان کی روایات کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں اور وہ دوسروں کو عزت دینا جانتے ہیں جبکہ عمران خان نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے اور اپنے مخالفین کو برے القابات سے پکارا ہے۔عمران خان آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کر گئے جس سے ملک میں مزید معاشی بحران پیدا ہو گیا اور انہوں نے جس وقت مختلف اشیا کی قیمتیں بڑھانی تھیں انہوں نے نہیں بڑھائیں کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ انہیں حکومت سے نکال باہر کیا جارہا ہے اور اس کا خمیازہ آنیوالی حکومت کو بھگتنا پڑیگا۔ اور یہ خمیازہ آنیوالی حکومت کے ساتھساتھ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کے ساتھ انتہائی غیر مناسب رویہ رکھا گیا اور ان پر جعلی مقدمات درج کئے گئے۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی والے خود کو مہذب پارٹی کے اراکین شمار کرتے ہیں۔
22