سرگودہا(بیورو چیف) صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد ملک نے جامعہ سرگودہا کے 23 ویں سپورٹس گالا کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس ،چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان ،ایم پی ایز رانا منور غوث اور میاں اکرام الحق کے علاؤہ فیکلٹی ممبران ،طلباء و طالبات شریک تھے۔سپورٹس گالا میں 34 مختلف شعبہ جات کی ٹیمیں مختلف کھیلوں میں اپنے جوہر دکھا رہی ہیں۔افتتاحی رنگا رنگ تقریب میں گھوڑا ڈانس اور پولیس بینڈ کی شاندار پرفارمنس کے علاؤہ فیکلٹی ممبران کے مابین کبڈی میچ سے باضابطہ آغاز ہوا۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ والدین اور اساتذہ کا ادب کرنے والے ہر میدان میں کامیاب ہوتے ہیں۔ تعلیم بہت کچھ سکھاتی ہے، لیکن کھیلیں سپورٹس میں سپرٹ اور ہار جیت کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے کھیلتا پنجاب سے نوجوانوں کو حقیقی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا ہے۔ موجودہ حکومت کا وڑن نوجوانوں کو بم اور ڈنڈے ہاتھوں میں دینے کی بجائے کتابیں اور لیپ ٹاپ فراہم کرنا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں میرٹ پر طلبہ کو سکالرشپ اور لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں۔ کھیل کود جیسی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ نوجوان کھلاڑی ہمارے برانڈ ایمبیسڈر ہیں جو پوری دنیا میں ہمارا مثبت چہرہ پیش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر پرو فیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔



