نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابر اور شاہین کی تنزلی

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم اور نئے مقرر کردہ ون ڈے کپتان شاہین آفریدی کی تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے جبکہ کئی دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بیٹنگ چارٹ میں بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 728 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر فخر زمان ایک ایک درجہ ترقی کر کے بالترتیب 23 ویں اور 26 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا نے سیریز کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اہم اننگز کھیل کر 569 پوائنٹس کے ساتھ نو درجے کی چھلانگ لگا کر 30ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 42 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ نوجوان اوپنر صائم ایوب 509 پوائنٹس کے ساتھ 53 ویں نمبر پر ہیں۔ون ڈے کے سرفہرست بلے بازوں میں بھارت کے روہت شرما بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں اور اس کے بعد افغانستان کے ابراہیم زدران دوسرے نمبر پر ہیں۔نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دو درجے چڑھ کر تیسرے نمبر پر آگئے اور بھارت کے شبمن گل کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا۔ بولنگ رینکنگ میں شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 587 پوائنٹس کے ساتھ 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ تیز گیند باز نسیم شاہ 10 درجے ترقی کرتے ہوئے 524 پوائنٹس کے ساتھ 33 ویں نمبر پر ہیں۔ سپنر ابرار احمد بھی قدرے بہتری کے ساتھ 37 ویں اور آل رانڈر محمد نواز 436 پوائنٹس کے ساتھ تین درجے ترقی کر کے 69 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ون ڈے بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست ہیں جس کے بعد جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں