33

نئے سیاسی منظر نامے کا نقشہ تیار

فیصل آباد(ریاض ملک سے)”سیاسی پنچھیوں کی اڑان” سے لگ رہا ہے کہ ملکی سیاسی منظر نامے میں ”کچھ نیا”ہونے والا ہے۔جس کے لئے سٹیج تیار کیا جا رہا ہے اور تقریبا تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔شہر اقتدار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ قوتیں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی تیاریوں میں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر جانے والے اس میں شامل ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے بھی چند سرکردہ رہنما جو پارٹی قیادت سے ناراض ہیں وہ بھی اس نئے سیاسی منظر نامے کا حصہ بن جائیں گے رابطے تیز ہو چکے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ جو سیاستدان تحریک انصاف چھوڑ رہے ہیں انہیں ابھی تک آئندہ کے سیاسی سفر کے متعلق کچھ بھی نہیں بتایا گیا ہے فی الوقت انہیں صرف تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے کا ہی کہا گیا ہے۔اب تک تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر کے پریس کانفرنس کرنے والوں کی باڈی لینگوئیج سے بھی اس بات کا تاثر ملتا ہے کہ انہیں ابھی wait and seeکہا گیا ہے۔ ان معتبر ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو مکمل طور پر آئوٹ بھی کیا جا سکتا ہے’ اس پر بھی کام ہو رہا ہے۔ نئے سیاسی منظر نامے سے میاں نواز شریف آئوٹ ہوں گے ان کی جگہ پر ان کی صاحبزادی محترمہ مریم نواز کو ہی فرنٹ لائن پر کیا جائے گا۔وفاق کی علامت سمجھی جانے والی پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک مرتبہ پھر وفاق میں کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ عین ممکن ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزارت عظمیٰ کا قلمدان سونپ دیا جائے۔ پنجاب کی پگ ن لیگ کے سر پر سجائی جائے گی۔ سندھ بھی حسب سابق پیپلز پارٹی کے پاس ہی رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں