نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری میں تاخیر کا سامنا

اسلام آباد (بیوروچیف) سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ نے نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری میں تعطلی کا سامنا کرتے ہوئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے خط میں اس تاخیر کی وجوہات اور حل کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں۔کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کے لیے مشینوں کو اپ گریڈ کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے تحت پلانٹ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو 18ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ کی موجودہ مشینیں 2004میں نصب کی گئی تھیں اور اب ان میں جدید ٹیکنالوجی کے مطابق تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی ہیں۔کمپنی کے مطابق اپ گریڈیشن کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے گا۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ سال نئے نوٹوں کی سیریز کے مقابلے کے نتائج جاری کردیے اور نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے 10سے 5ہزار روپے کے نئے نوٹوں کے ڈیزائن کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔شارٹ لسٹ کیے گئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز میں 10، 20، 100، 500 اور 5 ہزار کے نوٹوں پر قائد اعظم کی تصویر آویزاں ہے۔ 500روپے کے دو نوٹوں میں محترمہ فاطمہ جناح کا نوٹ شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ایک ہزار کے نوٹ پر لیاقت علی اور ان کے مکے کا نشان ہے اور پچھلی طرف ہاتھوں کی زنجیر موجود ہے۔ذرائع کے مطابق دسمبر 2025تک ملک میں موجودہ تمام کرنسی نوٹوں کو ختم کرکے نئے نوٹ جاری کیے جائیں گے۔ ملک میں 5000روپے کے تقریبا 99کروڑ نوٹ مارکیٹ میں زیر استعمال ہیں، دستاویز مارکیٹ میں 1000روپے والے 3ارب 19کروڑ 20لاکھ سے زائد نوٹ زیرگردش ہیں۔رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں 500والے نوٹوں کی تعداد 1ارب 63کروڑ 90لاکھ سے زائد ہے جبکہ 100روپے تقریبا 1ارب 48کروڑ 60لاکھ نوٹ زیر استعمال ہیں جبکہ 50 روپے والوں نوٹوں کی تعداد 1 ارب 79 کروڑ 80 لاکھ کے لگ بھگ ہے جبکہ مارکیٹ میں 20 روپے والے نوٹ کی تعداد 71 کروڑ 60 لاکھ زیر گردش ہے۔مارکیٹ میں زیرگردش ایک ہزار کے نوٹوں کی مالیت 31 کھرب 92 ارب سے زائد، 500 روپے والے نوٹوں کی مالیت 8 کھرب 19 ارب 50 کروڑ روپے،، 100 روپے والے نوٹوں کی مالیت 1 کھرب 48 ارب 60 کروڑ روپے لگائی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں