ناجائز اسلحہ کی بھرمار،فیصل آباد علاقہ غیر بن گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پولیس کی مجرمانہ غفلت’ شہر بھر میں قتل وغارت گری کا بازار گرم’ ناجائز اسلحہ کی بھرمار سے فیصل آباد علاقہ غیر بن گیا’ ضلعی پولیس ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں۔ ستیانہ روڈ ٹول ٹیکس کے قریب فائرنگ سے نوجوان قتل’ جھنگ بازار ارشد مارکیٹ میں موٹرسائیکل کھڑی کرنے کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 5افراد لہولہان ہو گئے، آتشیں اسلحہ سے لیس شہری سرعام بازاروں’ ضلع کچہری اور دیگر مقامات پر دندناتے گھومتے نظر آتے ہیں۔ تاہم پولیس نے صرف سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کیخلاف کارروائی کر کے حکام بالا کو سب اچھا کی رپورٹ بھجوا کر چپ سادھ رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں ناجائز اسلحہ کی بھرمار ہو چکی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، جسکی وجہ سے قتل وغارت گری’ لوٹ مار کی وارداتیں عام ہو چکی ہیں۔ پرانی دشمنی اور مخالفت کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ڈاکوئوں کے گروہ ناجائز اسلحہ لیکر دندناتے پھرتے ہیں اور معمولی جھگڑوں پر فائرنگ سے مخالفین اور شہریوں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیتے ہیں اور لڑائی جھگڑوں میں بھی استعمال ہونے والے اسلحہ کے بارے میں پولیس تفتیش کروانے سے گریز کرتی ہے۔ گزشتہ روز بھی ستیانہ روڈ ٹول ٹیکس کے قریب سرعام مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دکاندار عرفان عرف بابو ولد نیامت علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جھنگ بازار کے علاقہ ارشد مارکیٹ میں موٹرسائیکل کھڑی کرنے کے تنازعہ پر گولیاں چل گئیں، گولیاں لگنے سے 4بھائیوں سمیت پانچ افراد بری طرح زخمی ہو گئے، 36سالہ نثار احمد عرف نیلہ’ 34سالہ افضل’ 33سالہ اقبال’ 37سالہ بلال پسران الیاس’ اکرم ولد شوکت علی گولیاں لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے۔ گزشتہ دنوں تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 186رب میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مبشر ڈھلوں کے بھانجے وحید بابر ڈھلوں کو مار ڈالا’ جڑانوالہ میں معروف کاروباری شخصیت اشرف ساہی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا’ جڑانوالہ کے علاقہ میں گولیاں لگنے سے 10سالہ بچی ماری گئی’ ریلوے کالونی میں نامعلوم افراد نے عبداﷲ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا، مکہ سٹی کے قریب تاجر رائو عمران کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ابدی نیند سلا دیا تھا’ عیسیٰ نگری میں بھی موٹرسائیکلوں کے ٹکرانے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان گلفام کو قتل کر دیا تھا۔ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ محلہ فاروق آباد میں کبوتربازی کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کنیزاں بی بی اور مبشر ڈوگر زندگی کی بازی ہار گئے تھے جبکہ قاتلانہ حملوں میں آئے روز متعدد شہری گولیوں کا نشانہ بن کر ہسپتالوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ اتھرے ڈاکوئوں کے گروہ شہر بھر میں جگہ جگہ اسلحہ کے زور پر نہتے شہریوں سے لوٹ مار کرتے ہیں اور مزاحمت پر فائرنگ کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ہیں۔ شادی بیاہ کے مواقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے اور ہوائی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے کئی شہری’ بچے بری طرح زخمی ہو چکے ہیں اور گلی محلوں میں آئے روز ہونے والی ہوائی فائرنگ کے دوران اندھی گولیاں لگنے سے چھتوں پر سوئے ہوئے مرد وخواتین بھی زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔ ناجائز اسلحہ کی بھرمار اس قدر ہو چکی ہے کہ فیصل آباد علاقہ غیر بن چکا ہے۔ ضلعی پولیس ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتی ہیں اور صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اسلحہ کی نمائش کی ویڈیو پر کارروائی کرنے تک محدود ہو چکی ہے۔ ضلعی پولیس ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کاغذی کارروائیوں تک محدود ہے اور پولیس افسران فرضی کارروائیوں کے ذریعے ارباب اختیار کو سب اچھا کی رپورٹ بھجوا رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور’ آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف موثر کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں