ناخلف بیٹے کی فائرنگ سے باپ قتل،ماں خمی،ڈکیتی مزاحمت پر2شہری لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑے پر ناخلف بیٹے کی فائرنگ سے باپ قتل’ ماں زخمی’ لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے دو افراد لہولہان’ قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3افراد بری طرح زخمی ہو گئے، جناح کالونی میں نامعلوم افراد نے ہوزری کو آگ لگا دی’ کاروباری لین دین پر دو شہریوں کیساتھ1کروڑ کا فراڈ’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملت ٹائون کے علاقہ 121 ج ب میں گھریلو جھگڑے پر مشتعل بیٹے نے فائرنگ کر کے باپ شہباز اور والدہ نصرت بی بی کو بری طرح زخمی کر دیا’ مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر شہباز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل بیٹے کی تلاش شروع کر دی جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ جڑانوالہ روڈ پر 209چک کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر عادل ولد سلیم اور تھانہ صدر سمندری کے علاقہ رجانہ روڈ پر انیس ولد ادریس ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہسپتال پہنچ گئے، پولیس اتھرے ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ علاوہ ازیں تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ ڈگلس پورہ میں دکان سے نکالنے پر مشتعل ملزم عمر کی فائرنگ سے دکاندار شان ولد ارشد اور ایک راہگیر حبیب گولیاں لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے۔ بٹالہ کالونی کے علاقہ شالیمار پارک میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزم کی فائرنگ سے شہری صدام بری طرح زخمی ہو گیا’ مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ تھانہ گلبرگ کے علاقہ جناح کالونی میں نامعلوم افراد نے فیصل رفیق کی ہوزری کو آگ لگا دی، جس کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ علاوہ ازیں غلام محمد آباد کے رہائشی حسنین نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم شاہد نے کاروبار کیلئے 50لاکھ کی رقم لیکر منافع دیا نہ رقم واپس کی’ مطالبہ کرنے پر جعلی چیک تھما دیا۔ اور فیکٹری ایریا پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے شرافت علی کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم سخی نے 50لاکھ کا مال لیکر ہڑپ کر لیا’ رقم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ جعلی نکلا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں