3

نادھندہ ہائوسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن کیا جارہا ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے محمد آصف چوہدری نے لینڈ ڈویلپرز کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ہائوسنگ سکیموں سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے لینڈ ڈویلپرز کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں سے پیدا شدہ مسائل پر قابو پانے کے لئے سخت پالیسی اختیار کر رکھی ہے جس کی تعمیل کرتے ہوئے غیر قانونی اور نادھندہ ہائوسنگ سکیموں کے خلاف ایف ڈی اے کی طرف سے وسیع پیمانے پر آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں قانون کے دائرے میں لایا جاسکے لہٰذا ایسی ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز کو چاہیے کہ تمام تر قانونی اور محکمانہ تقاضے پورا کرکے ہائوسنگ سکیموں کی باقاعدہ منظوری حاصل کریں تاکہ تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرنے یا بھاری جرمانے عائد کرنے کی نوبت نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی منظوری حاصل کرنے کیلئے ایف ڈی اے کی سروسز ہمہ وقت فعال ہیں اور ایسی درخواستوں پر تیزی سے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ منظوری کے امور میں بے جا تاخیر نہ ہو، ڈویلپرز کو اس سلسلے میں ہر ممکن سہولت اور بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے لینڈ ڈویلپرز سے کہا کہ وہ ہائوسنگ سکیموں کے ذمہ واجبات بھی فوری ادا کریں بصورت دیگر نادھندہ ہائوسنگ سکیمیں آپریشن کی زد میں آئیں گی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے تاکید کی کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام سے متعلق تمام تر متعلقہ قوانین اور قواعد وضوابط کی پاسداری کی جائے اس ضمن میں ان کی مکمل رہنمائی کے علاوہ محکمانہ طور پر تمام تر آسانیاں فراہم کی جائیں گی اور کسی قسم کے مسئلہ کی صورت میں وہ براہ راست رابطہ کریں۔ لینڈ ڈویلپرز نے وعدہ کیا کہ وہ بقایا واجبات کی ادائیگی اور ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کیلئے ضروری تقاضے و شرائط پورے کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں