نادیہ خان ڈرامہ پرورش کے جذباتی منظر پر آبدیدہ ہو گئیں

لاہور (شوبز نیوز) اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان ڈراما سیریل پرورش کے ایک منظر پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں، انہوں نے منظر کو حقیقت سے قریب اور اداکاری کو قابلِ تعریف قرار دیا۔نادیہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے کیا ڈرامہ ہے میں ڈراما سیریل پرورش کے ایک جذباتی منظر کی تعریف کی۔ڈراما سیریل پرورش نجی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے، جس کی کہانی نوجوان بچوں کے مسائل اور والدین کو درپیش چیلنجز کے گرد گھومتی ہے۔ڈرامے میں عینا آصف یعنی مایا کے والد زبردستی بیٹی کی منگنی اپنی مرضی سے کر دیتے ہیں، لیکن بیٹی کا منگیتر اچھے کردار کا نہیں ہوتا، وہ اسے ڈراتا دھمکاتا ہے اور بعدازاں اپنے ہونے والے سسر کو ان کی بیٹی کے بارے میں غلط کہانی سنا کر ان کی نظروں سے گرانے کی کوشش کرتا ہے۔اسی تناظر میں ڈرامے کی 19 ویں قسط میں والد غصے میں آکر گھر پہنچتے ہیں اور بیٹی کو تھپڑ مار دیتے ہیں، جس پر مایا کی والدہ بیٹی کے حق میں کھڑی ہو جاتی ہیں اور شوہر کو سمجھاتی ہیں کہ بیٹی پر ہاتھ اٹھانے سے پہلے سچائی جاننا ضروری تھا۔نادیہ خان نے اپنے پروگرام میں مذکورہ منظر کی تعریف کرتے ہوئے اس کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور کہا کہ انہوں نے اتنا جذباتی منظر آج تک پاکستانی ڈراموں میں نہیں دیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں ماں کی اپنی اولاد سے محبت کے مناظر دکھائے جائیں اور اس ڈرامے میں یہ پہلو نہایت خوبصورتی سے دکھایا گیا، جو قابلِ تعریف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں