فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی انسداد انکروچمنٹ عملہ نے ناظم آباد بوہڑ چوک سمیت دیگر گرد ونواح میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پلازہ’ مارکیٹوں’ دکانوں اور گھروں کے باہر پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ جبکہ تجاوزات کے خاتمہ سے بازار گلیاں کشادہ ہو گئیں، گزرنے والوں کیلئے آسانیاں پیدا ہو گئی۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے اینٹی انکروچمنٹ عملہ محترمہ حافظہ عظمت فردوس کی قیادت میں روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ گزشتہ روز بھی انسداد انکروچمنٹ عملہ نے ڈپٹی چیف آفیسر کی زیرنگرانی ناظم آباد میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک غیر قانونی پلازہ کو مسمار کر دیا جبکہ ناظم آباد کی گلیوں اور محلے میں بنے گیراج’ فاسٹ فوڈز شاپس’ تھڑے’ لان وغیرہ کو ہیوی مشینری کیساتھ توڑ دیا۔ دکانوں کے باہر تعمیر شدہ پختہ تھڑے’ چار فٹ سے زائد شیڈ کو گرا دیا اور فٹ پاتھ خالی کروا کر راستہ کلیئر کروا دیئے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے اور دکان کے باہر پڑا ہوا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہر کے آٹھ بازاروں اور تجاوزات ختم کروانے کے بعد دوبارہ مختلف علاقوں کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو جرمانے بھی کئے جا رہے ہیں۔ محترمہ حافظہ عظمت فردوس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ازخود اپنے گھروں’ دکانوں کے باہر غیر قانونی پختہ تجاوزات ختم کر دیں جبکہ حکومت کی ہیوی مشینری سے تجاوزات کو ہٹایا گیا تو ان کا زیادہ نقصان ہونے کا احتمال ہے اور شہر بھر میں بلاامتیاز تجاوزات کا خاتمہ کر کے دم لینگے۔
