ناظم آباد میں پختہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے گرینڈ آپریشن جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”تجاوزات سے پاک پنجاب” کے سلسلہ میں کمشنر’ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی سربراہی میں انسداد انکروچمنٹ عملہ نے ناظم آباد میں مسلسل آٹھویں روز بھی آپریشن کرتے ہوئے بازاروں’ گلی’ محلوں میں پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا اور اس کے ساتھ ساتھ پختہ ملبہ اٹھانے کے عمل کا بھی آغاز کر دیا گیا، بازار اور گلی’ محلے کشادہ ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایف حافظہ عظمت فردوس نے کہا ہے کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ناظم آباد جہاں پر شہریوں کی طرف سے بازاروں اور گلیوں میں تھڑے’ گیراج’ لان’ باتھ رومز وغیرہ تعمیر کر کے پختہ تجاوزات کر رکھی تھیں اور ناظم آباد میں مسلسل آٹھ دنوں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن بلاامتیاز جاری ہے اور اسکے ساتھ ساتھ پختہ تجاوزات کی ٹوٹ پھوٹ کے بعد وہاں سے ملبہ اٹھانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے آٹھ بازاروں اور دیگر بازاروں’ مارکیٹوں’ گلی’ محلوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے اور دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجاوزات کو ازخود ختم کر دیں۔ اگر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہیوی مشینری سے تجاوزات کو گرایا گیا تو شہریوں کے زیادہ نقصانات کا اندیشہ ہوتا ہے۔ تاہم اکثر مقامات پر شہریوں کی طرف سے ازخود تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں