ناقص میٹریل کا استعمال،11ماہ قبل تعمیر ہونیوالا”نوازشریف پارک” اجڑ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پی ایچ اے کی غفلت’ لاپرواہی اور عدم توجہ کے باعث فیصل آباد میں کروڑوں روپے کی مالیت سے شہریوں کی تفریح کیلئے تعمیر کیا جانے والا ”نواز شریف پارک” ایک سال مکمل ہونے سے قبل ہی اُجڑ گیا’ ماڈلز’ فٹ پاتھ’ بنچز ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ رنگین لائٹوں والے فواروں میں گندگی کے ڈھیر’ پارک میں لگائی جانے والی گھاس ختم ہو گئی’ سیر وتفریح کیلئے آنے والے شہری مایوسی کا شکار’ پی ایچ اے کے افسران نے مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا، جس کی وجہ سے ایک سال مکمل ہونے سے قبل ہی ویران ہونے لگا۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے والد محترم’ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے نام پر فیصل آباد میں پرانی سبزی منڈی کی جگہ پر گزشتہ برس اگست 2024ء میں کروڑوں روپے کی لاگت سے پارک تعمیر کیا گیا تھا، جس میں ڈانسنگ لائٹ والے فوارے اور پارک کی خوبصورتی کیلئے مختلف ماڈلز بھی نصب کئے گئے تھے۔ نواز شریف پارک میں آنے والے شہریوں کے بیٹھنے کیلئے بنچز اور فٹ پاتھ بھی تعمیر کئے گئے جس کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا جسکی وجہ سے نواز شریف پارک افتتاح کے پہلے سال بھی مکمل نہ کر سکا۔ خوبصورت ماڈلز’ فٹ پاتھ’ بنچز ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ کئی مقامات سے قیمتی پودے اور گھاس ختم’ ڈانسنگ فواروں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، صفائی نہ ہونے کے برابر جبکہ ڈانسنگ فوارے بھی بند ہو گئے جو کہ خراب بتائے جاتے ہیں، جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ چکے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پی ایچ اے کا عملہ غائب نظر آتا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے والد کے نام پر نواز شریف پارک تعمیر کروایا جو کہ ایک سال بھی مکمل نہ کر سکا۔ اگست 2025ء آنے سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے جسکی تعمیر پر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا۔ شہری حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک سال کے دوران ہی کروڑوں روپے مالیت سے تعمیر ہونے والے نواز شریف پارک کی ٹوٹ پھوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے لوٹ مار کرنے والے افسران کے خلاف فوری سخت ایکشن لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں