ناولٹی پل مچھلی منڈی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن،فٹ پاتھ خالی کروا لئے گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ سمن آباد’ ناولٹی پل کے نیچے مچھلی منڈی میں آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر پڑا سامان اٹھا کر فٹ پاتھ خالی کروا دیئے، دکانداروں کو وارننگ دی کہ اگر کسی کا سامان دکان کے باہر پایا گیا تو دکان کو سیل’ سامان ضبط اور بھاری جرمانہ ہو گا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے تجاوزات کے خلاف مہم میں سمن آباد مین بازار’ مدنی چوک اور ناولٹی پل کے نیچے مچھلی بازار میں آپریشن کیا اور دکانوں کے باہر فٹ پاتھ پر پڑا ہوا سامان اٹھوا کر راستہ پیدل چلنے والوں کیلئے کلیئر کروا دیا۔ ناولٹی پل کے نیچے مچھلی بازار میں دکانوں کے باہر سڑک پر پھٹے لگا رکھے تھے اور پانی کے ذریعے سڑک بھی تباہ ہو رہی تھی۔ جس پر انہوں نے بھرپور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے روڈز کو کلیئر کروا دیا۔ عظمت فردوس نے کہا کہ تاجر اپنا سامان دکان کے اندر رکھیں اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے خالی رکھیں۔ دوبارہ کسی تاجر نے سامان دکان کے باہر رکھا تو سامان ضبط کر کے دکان سیل اور بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں