31

ناولٹی پل کے نزدیک مقابلہ ‘ زخمی ڈاکو گرفتار ‘ 3ساتھی فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سمن آباد کے علاقہ سمندری روڈ پر ناولٹی پل کے قریب پولیس مقابلہ، گولیاں لگنے سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ہونے والے ڈاکو کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سمن آباد کے تھانیدار طاہر شاہ کو اطلاع ملی تھی کہ چار مسلح افراد نے مانگامنڈی کے قریب سے گن پوائنٹ پر مزدا ٹرک چھین کر فرار ہوئے تو ڈرائیور نے واردات کی اطلاع ڈالہ مالک کو کر دی، مذکورہ مزدا ڈالہ میں ٹریکر لگا ہوا تھا تو مالک نے مزدا ٹرک چھیننے کی اطلاع پولیس کو کرتے ہوئے ٹریکر کی مدد سے لوکیشن معلوم کی تو پتہ چلا کہ چھینا جانے والا مزدا فیصل آباد کی طرف آ رہا ہے جس پر تھانیدار طاہر شاہ نے ماتحت عملہ کے ہمراہ سمندری روڈ پر ناولٹی پل کے قریب حدیبیہ سی این جی اسٹیشن کے قریب ناکہ لگا کر رکھا تھا، جب مذکورہ ڈالہ وہاں پہنچا تو اسکو روکنے کا اشارہ کیا تو ڈالہ میں سوار مسلح افراد پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلے تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت سجاد ولد بشیر سکنہ 64 ج ب جڑانوالہ کے نام سے ہوئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے زخمی ہونے والے ڈاکوئوں کے دو ساتھیوں کو پکڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید برآمدگی کیلئے بازپرس شروع کر دی ہے اور ان کے فرار ہونے والے چوتھے ساتھی کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں