نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل سست،طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل سست روی کا شکار ،طلبا و طالبات کا مستقبل دائو پر ،طلبا وطالبات کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی جائے ،مالکان گرمی کی شدت میں سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد کے دفتر میں چکر لگانے پر مجبور۔ تفصیلات کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے طلبا وطالبات کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہے کیونکہ نجی تعلیمی اداروں کی بڑی تعداد میں رجسٹریشن 31مارچ کو ختم ہو چکی ہے تقریباً دو ماہ کے قریب ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک رجسٹریشن کی تجدید کا عمل مکمل نہ ہو سکا مالکان گرمی کی شدت میں سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد کے چکر لگا لگا کر سراپا احتجاج ہیں مالکان کو مختلف قسم کے جواز بنا کر دفتر سے واپس بھیج دیا جاتا ہے گرمی کی شدت میں دور دراز سے آنے والے سکولز مالکان ذہنی پریشانی کا شکار ہیں لیکن دفتر میں موجود عملہ اپنی روایتی سستی اور نا اہلی کے باعث رجسٹریشن کے عمل میں تاخیر کا باعث بن رہے ہیںرجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گا تو ای لائسنس کے ساتھ فائلیں تعلیمی بورڈ فیصل آباد کو بھجوائی جاتی ہیں تاکہ طلبا و طالبات کی رجسٹریشن کا عمل ہر سکول مقررہ تاریخ تک مکمل کر سکے لمحہ فکریہ کی بات یہ ہے کہ جماعت نہم کے طلبا و طالبات کی رجسٹریشن کی مقررہ تاریخ 29مئی ہے لیکن ابھی تک نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل ہی مکمل نہیں ہو سکا تو طلبا و طالبات کی رجسٹریشن کا عمل کیسے مکمل ہو گا جس کی وجہ سے طلبا وطالبات کا مستقبل دائو پر لگ چکا ہے پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے چیئرمین رانا شاہد مقرب ،میاں ندیم شہزاد، محمد اسلم بٹ،زاہد رشید بسرا،شیخ غلام سرور،ملک طارق،سید ابرار حسین شاہ، چوہدری گلزار حسین ،رانا خلیل احمد،چوہدری ندیم سندھو،حاجی جاوید اقبال و دیگر نے چیئرمین بورڈ کمیٹی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ طلبا و طالبات کی رجسٹریشن کی مقررہ تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ طلبا و طالبات کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل مزید بہتر اور تیز کیا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں