نجی حج ٹور آپریٹرز کی جانب سے عازمین حج کیلئے تربیتی نشستوں کاآغاز

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )سرکاری و پرائیویٹ حج سکیم کے تحت سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق حج 2026 ء کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ،سعودی حکومت کی طرف سے انتظامات کو بر وقت مکمل کر نے پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، پرائیویٹ سیکٹر نے عازمین حج کے لیے تربیتی نشستوں کا آغاز کر دیا ہے ،کاروان اشرفیہ سکھیرا اور کاروان سیف اللہ حج گروپ نے انٹرنیشنل زوم حج کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں پاکستان سمیت امریکہ برطانیہ کینیڈا یورپ اور خلیجی ممالک سے بڑی تعداد میں پاکستانی عازمین حج نے شرکت کی، کانفرنس سے ممتاز عالم دین شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد یوسف خان، معروف موٹیویشنل سپیکرقاسم علی شاہ، ممتاز معالج ڈاکٹر سلیم ناصر، مذہبی سکالر حافظ محمد شفیق کاشف اور ڈائریکٹر کاروان اشرفیہ محمد صداقت نے خطاب کیا۔ شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف نے قرآن وسنت کی روشنی میں فضائل حج اور اس کی فیوض و ثمرات پر خطاب کیا۔ قاسم علی شاہ نے کہا کہ سفر حج دنیا کے اسفار سے مختلف ہے جو مالی اور بدنی عبادت کے ساتھ ساتھ ایک روحانی سفر ہے جو انسانی زندگی بدل دیتا ہے۔ حافظ محمد شفیق کاشف نے کہا کہ عازمین حج کی تربیتی نشستوں میں شرکت ناگزیر ہے، سعودی عرب کے ویژن 2030 کے مطابق بہترین خدمات اور انتظامات کے لئے سعودی ٹائم لائن بڑی معاون ثابت ہوئی ہے، ڈاکٹر سلیم ناصر نے عازمین حج کو سعودی حکومت اور وزارت مذہبی امور پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ابتدائی تیاری کے لیے بہترین طبی مشورے دیئے ڈائریکٹر کاروان اشرفیہ محمد صداقت نے خطاب کرتے ہوئے اور عازمین حج کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کی تعلیمات اور ہدایات پر عمل کر کے سفر حج کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا حج میں دی گئی سہولتوں اور نظام کی پابندی کر کے اوورسیز پاکستانیز نجی شعبہ کی بہترین خدمات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں