نرسز کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کا عزم

لاہور(بیوروچیف) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ نرسیں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، ہمدردی اور مسلسل نگہداشت کے ذریعے مریضوں میں جینے کی امنگ پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں نرسنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور سپیشلائزیشن، تحقیق اور لیڈرشپ کے ذریعے مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے میں نرسز کا کردار انتہائی اہم ہو چکا ہے۔وہ کالج آف نرسنگ، اے ایم۔سی / لاہور جنرل ہسپتال میں نرسنگ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منعقدہ نرسنگ لیڈرشپ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ نرسنگ خدمات کسی بھی صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہیں اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نرسنگ لیڈرشپ کو مضبوط بنانا اور نرسز کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر سائرہ ذیشان،پرنسپل کالج اف نرسنگ ثمر ناز کنول، ڈی سی این ایس فضیلت لعل، نرسنگ سپریڈنٹ صائمہ فتح،نرسنگ سپروائزر نسیم اخلاق نرسنگ انسٹرکٹر شہناز ڈار، رمضان بی بی اور دیگر فیکلٹی ممبرزسمیت،نرسنگ آفیسرز اور طالبات موجود تھیں۔ڈاکٹر سائرہ ذیشان کا کہنا تھا کہ نرسنگ لیڈرشپ ورکشاپ کا مقصد نرسنگ فیکلٹی کی صلاحیتوں کو فروغ دینا، انہیں پیشہ ورانہ معیارات سے ہم آہنگ کرنا اور صحت کے شعبے میں مثر قیادت کے لیے تیار کرنا تھا۔ ورکشاپ میں ڈاکٹر نسیم رفیق، پرنسپل شالیمار کالج آف نرسنگ، اور ڈاکٹر نازیہ الیاس، پرنسپل کالج آف نرسنگ، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور نے نرسنگ لیڈرشپ، ٹیم ورک اور مثر کمیونیکیشن کے موضوعات پر جامع اور معلوماتی لیکچرز دیے۔نرسنگ فیکلٹی اور سٹاف کی کثیر تعداد نے ان تربیتی سیشنز کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سے فیصلہ سازی، قیادت اور مریض کی نگہداشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق کالج آف نرسنگ میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ نرسز اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے مریضوں کی خدمت کے معیار کو عالمی سطح تک لے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی اقدامات مستقبل میں شعبہ نرسنگ میں تحقیق، لیڈرشپ اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے، جس کا براہِ راست فائدہ عام مریضوں کو بہتر اور معیاری علاج کی صورت میں حاصل ہو گا اور صحت کے شعبے میں مضبوط نرسنگ سسٹم ہی ہیلتھ کیئر نظام کی ضمانت ثابت ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں