نظام انصاف میں تیزی اور شفافیت لائینگے

لاہور (بیورو چیف)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ میری دلی خواہش ہے کہ کراچی کی طرز پر لاہور میں بھی تمام عدالتیں ایک ہی جگہ پر قائم ہوں تاکہ نظام انصاف میں سہولت ، تیزی اور شفافیت آئے۔ اس منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ وکلا برادری اور سائلین کو ہوگا جبکہ جوڈیشل افسران کے لئے بھی یہ اقدام سہولت کا باعث بنے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے یہ منصوبہ حکومت پنجاب کو بھجوایا ہے اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اس پر عملدرآمد کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم ایک اسٹرکچرل ریفارم ہے، جو کہ نظام کی بہتری اور عدالتی ڈھانچے میں اصلاح کے لئے کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خیال میں اس کے بعد مزید کسی آئینی ترمیم کی فوری ضرورت نہیں، تاہم اگر کل کو ضرورت پڑی تو تمام اتحادی جماعتیں اور پارلیمنٹ مل کر فیصلہ کریں گے۔وفاقی وزیر قانون نے بار کونسلز کے انتخابات میں شفافیت کے حوالے سے کہا کہ ان انتخابات میں ووٹرز کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔ اسٹریمرز، بینرز، کھانے اور غیر ضروری اخراجات پر پہلے بھی پابندیاں تھیں، لیکن اب انہیں باقاعدہ قانون کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ انتخابی ماحول غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اگر فوجی تنصیبات پر حملہ کریں گے، سرکاری املاک یا پولیس وینز کو آگ لگائیں گے تو پھولوں کے ہار تو نہیں پہنائے جائیں گے۔ ریاستی رٹ اور قانون کی عملداری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جو فنڈز ہائیکورٹ بارز کو دیے جاتے ہیں، وہ ہم نے پچھلے اور اس سے پچھلے سال لاہور ہائیکورٹ بار کو فراہم کئے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہاں کی صوبائی حکومت اپنے عدالتی نظام کو بہتر بنانے میں سنجیدہ ہو اور وسائل کا درست استعمال کرے تو یہ ایک خوش آئند امر ہو گا۔#/s#

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں