31

نواز شریف نے لندن کو خیر باد کہہ دیا ‘ اب دبئی سے پاکستان آئینگے ‘ چوہدری شیر علی

فیصل آباد’ دبئی (وقائع نگار خصوصی’ مانیٹرنگ ڈیسک)بابائے سیاست چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے لندن کو خیر باد کہہ دیا ہے اب وہ الیکشن سے دو ماہ قبل دبئی سے پاکستان آئیں گے اور ایک مرتبہ پھر میاں نواز شریف بھاری اکثریت کے ساتھ وزیر اعظم منتخب ہو کر وطن عزیز پاکستان کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔ گزشتہ رات سابق ناظم خواجہ محمد رضوان امیدوار حلقہ پی پی 116کی طرف سے دی جانے والی عید ملن پارٹی کے موقع پر ڈیلی بزنس رپورٹ کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک کے ساتھ خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیر مملکت چوہدری عابدشیر علی ‘ سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری’ سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل ‘ ٹکٹ ہولڈر اسرارا حمد منے خان سمیت سابق ناظمین اور سرگرم مسلم لیگی کارکنوں کی کثیر تعدادموجود تھی۔ دوران گفتگو چوہدر ی شیر علی نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں چند ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے تاہم 12اگست کے بعد ملکی سیاسی صورتحال کا منظر نامہ واضح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے اب تمام معاملات اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں اور وہ مقتدر حلقوں کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔ تمام فیصلے میاں نوازشریف خود کر رہے ہیں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم بھی میاں نوازشریف ہی کریں گے۔ چوہدری شیر علی نے کہا کہ 9مئی کے سیاہ ترین واقعات نے عمران خان اوراس کی جماعت تحریک انصاف کے عزائم بے نقاب کر دیئے ہیں۔ اب ملکی سیاست میں تحریک انصاف کا کوئی رول نظر نہیں آ رہا ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے دبئی میں قیام کی مدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی ابھی متعدد اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں اور وہ دبئی میں مزید ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی نظام کی بہتری کے لیے صلاح مشورے ہو رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دوست ممالک اور سرمایہ کار پاکستان میں سیاسی استحکام کے خواشمند ہیں۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ کئی روز سے دبئی میں قیام پزیر ہیں اور انہوں نے فیملی کے افراد کے ساتھ عید بھی دبئی میں ہی منائی، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی دبئی میں اپنے والد کے ساتھ موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق عید کے دوسرے روز نواز شریف نے پیٹرولیم سیکٹر سے وابستہ غیر ملکی وفود سے ملاقات کی، ملاقات میں معاشی نظام کی بہتری کے لیے آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ غیر ملکی وفود سے ہونے والی ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات میں استحکام سے ملکی معیشت میں بہتری لانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی دوست ممالک کی طرف سے معاشی سرگرمی اور سرمایہ کاری پر نواز شریف کے ساتھ تبادلہ خیال جاری ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں