لاہور(بیوروچیف )مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ نوجوان سیاسی سرگرمیوں کا ہر اول دستہ بنیں۔تفصیل کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس منعقدہوا جس میں انتخابات کے لیے ایم ایس ایف، اقلیتی ونگ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ انتخابات میں نوجوانوں، اقلیتی ونگ کو بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کو متحرک کیا جائے گا۔مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں، نوجوانوں اور اقلیتوں کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی ترقی ملکی ترقی ہے، 2024 عوام کے لیے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کرآرہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں معاشی ترقی کا تیز رفتار دور شروع ہوگا، نواز شریف چاہتے ہیں نوجوان سیاسی سرگرمیوں کا ہر اول دستہ بنیں، اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہوگا۔علاوہ ازیں ایم ایس ایف اور اقلیتی ونگ نے حوصلہ افزائی کرنے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
28