نوجوان کی خودکشی ،مل ورکرنے ساتھی کو مار ڈالا،چھت سے گرکر مزدور چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی’ صداقت مل میں معمولی جھگڑے پر محنت کش نے ساتھی کو مار ڈالا’ نیو ناظم آباد میں مزدور بالائی منزل سے گر کر جاں بحق ہو گیا’ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ انار کلی بازار میں گھریلو حالات سے دل برداشتہ 17 سالہ نوجوان اذان نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی’ فائرنگ کی آواز سن کر اہل خانہ کمرہ میں پہنچے تو وہ خون میں لت پت پڑا تھا، ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ گیاجبکہ تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ 165 رب میں واقع صداقت ٹیکسٹائل یونٹ نمبر 10 میں گوجرہ کے رہائشی مشین آپریٹر عبدالرزاق کا کسی بات پر ساتھی ورکر کے ساتھ جھگڑا ہو گیا تو اس نے کرسی اٹھا کر عبدالرزاق کو مار دی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں نیو ناظم آباد میں گھر کی تعمیر کے دوران 55 سالہ محنت کش اکبر علی سکنہ سرسید ٹائون بالائی منزل سے گر کر چل بسا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں