39

نومنتخب ایم این ایز نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (بیوروچیف)قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا جبکہ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اراکین سے حلف لیا۔نومنتخب سولہویں قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر کے بعد شروع ہوا جبکہ اجلاس کے باقاعدہ آغاز کے بعد سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے ماسک پہن کر ایوان میں احتجاج کیا، پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی ایوان میں لائے گئے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی تو مسلم لیگ ن کے اراکان بھی کھڑے ہو گئے اور ان کے مقابلے میں ”شیر آیا شیر آیا ” اور ”گھڑی چور گھڑی چور ”کے نعرے لگانے لگے ۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نومنتخب سولہویں قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو باضابطہ طور پر طلب کیا گیا جو کہ دن 10 بجے شروع ہوناتھا تاہم، اجلاس کا آغاز ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر کے بعد شروع ہوا۔16 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت رسول مقبولۖ پیش کی گئی۔حلف لینے کے بعد راجہ پرویز اشرف نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب لڑنے والوں کو پہلے رول آف ممبرز پر دستخط کی دعوت دی۔حلف کے بعد تمام ارکان نے رجسٹر پر دستخط کیے۔اس دوران سنی اتحادکونسل کے اراکین نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، آصف زرداری قومی اسمبلی ہال سے چلے گئے، سیکیورٹی اسٹاف نے گھڑی چورکے نعرے لگانے والوں کو گیلری سے نکال دیا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز، آصفہ بھٹو، اسحق ڈار مہمانوں کی گیلری میں موجود رہے، دستخط کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی آمد پر آصفہ بھٹو نے اگلی باری پھر زرداری کے نعرے لگوادیے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔وفاقی پولیس کے مطابق ہائی سیکیورٹی زون میں سیکیورٹی مزید الرٹ کردی گئی ہے، صرف دعوت نامہ رکھنے والوں کو ہی پارلیمنٹ ہاس آنے کی اجازت دی گئی۔تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چنا ہو گا اور پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔مجوزہ شیڈول کے مطابق وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیرِ اعظم کا انتخاب کرے گی، اسی روز وزیرِ اعظم کا اپنے عہدے کا حلف لینے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں