40

نگران حکومت کی پہلے ہی دن عوام کومہنگائی کی سلامی

اسلام آباد(بیوروچیف)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے حکومت سنبھالتے ہی قوم کو ڈالر کی قدر اور پٹرولیم کی مصنوعات میں قیمتوں کے اضافے کا تحفہ دے دیا۔ ان کی نگران کابینہ میں شمولیت کے خواہشمند اور متوقع ارکان اور بالخصوص وہ شخصیات جن کے نام اس فہرست میں شامل ہونے کے حوالے سے گردش کر رہے ہیں وہ تمام دن نگران وزیراعظم کی مصروفیات اور کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے کسی اطلاع کے منتظر رہے وزیراعظم ہاوس میں رابطوں کی رسائی رکھنے والوں سے بھی اور جو نگران وزیراعظم کے سیاسی امور میں حلقہ مشاورت میں شامل سمجھے جاتے ہیں ان سے بھی جن میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، بلوچستان کے سابق وزیراعلی جام کمال اور سینیٹر سرفراز بگٹی کو بھی شمار کیا جاتا ہے دوسری طرف مختلف وزارتوں کے اعلی حکام بھی اپنی وزارتوں کے وزرا کے نام جاننے اور ان کے استقبال کی تیاریوں کے بے چینی سے منتظر ہیں اور اس بے چینی میں سیاسی جماعتوں کی دلچسپی بھی اضطراب کے ساتھ شامل ہے۔ علاوہ ازیں نگراں حکومت کاعوام کو بڑاجھٹکا وزارت خانہ نے آئندہ پندرہ روزکیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا دوسری طرف ایل پی جی کی قیمت میں بھی ا ضافہ کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 17 روپے 50 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 290 روپے 45 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 293روپے 40پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تیل کی مزید سپلائی نہ پہنچنے سے قیمتوں میں مزیداضافے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر پمپ مالکان نے مختلف شہروں میں پٹرول کی فروخت بند کر دیعوام کا رش لگ گیا۔ شہریوں کی پریشانی میں شدید اضافہ ہوگیا ہے۔ دریں اثنا مقامی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے کلو اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت220 روپے کلو ہو گئی ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450روپے اضافہ ہوگیاگھریلو سلنڈر 2495 روپے کی بجائے 2615روپے اور کمرشل سلنڈر 9580روپے کی بجائے 10030 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی 255روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 3015اور کمرشل سلنڈر 11600روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں