60

نگران سیٹ اپ میں بلدیاتی الیکشن کروانے کی تیاریاں

فیصل آباد(ریاض ملک سے)باخبر ذرائع کے مطابق مقتدر حلقوں نے نگران سیٹ اپ میں پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ صوبائی سطح پر سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو نئے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لئے انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بلدیاتی الیکشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے بھی مختلف تجاویز پر ایک مفصل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔پی ٹی آئی دور حکومت کا بلدیاتی ایکٹ ختم کروانے کے لئے عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے اگر اس پر فاضل عدالت نے فیصلہ دے دیا تو ن لیگی دور حکومت کا بلدیاتی ایکٹ ازخود بحال ہو جائے گا جس کے مطابق الیکشن ہو گا۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ مقتدر حلقوں نے سیاسی ماحول کی طرف عوام کی توجہ مبذول کروانے کے لئے بلدیاتی الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ گلی محلے کی سطح پر سیاسی سرگرمیاں شروع ہو سکیں اور لوگوں کی توجہ عمران خان کیس سے ہٹ سکے۔اس پر بھی غور و خوض کیا جا رہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن غیر جماعتی کروائے جائیں یا جماعتی بنیادوں پر’ ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ پنجاب کا بلدیاتی الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر ہی کروایا جائے گا۔ نئی مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہی بلدیاتی نمائندوں کا چنائو عمل میں لایا جائے گا۔نگران وفاقی حکومت بننے کے بعد اس سلسلے میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔تاہم یہ ضرور ہے کہ عام انتخابات سے قبل بلدیاتی الیکشن کروا دیا جائے گا۔ جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں