63

نگراں وزیر اعظم کا جنوری میں عام انتخابات کروانے کا عندیہ

اسلام آباد (بیوروچیف)نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑنے کہا کہ اگرچہ صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کے انتخابات کے لیے ایک تاریخ تجویز کر دی ہے مگر ملک میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ دینے کا بنیادی اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔ نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیاں آئین کا حصہ ہیں اور الیکشن کمیشن انتخابات کے تاریخ کے معاملے پر اپنی ضروری مشاورت اور کارروائی کے بعد جلد آگاہ کر دے گا کہ صاف و شفاف الیکشن کے لیے کون سا وقت مناسب رہے گا۔الیکشن کی ممکنہ تاریخ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر تمام معاملات دیے گئے پلان کے مطابق چلتے ہیں، تو میرا اپنا اندازہ بھی یہی ہے کہ جنوری کے وسط یا اختتام پر کوئی بھی دن الیکشن کے لیے متعین کیا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں عام انتخابات میں معاونت کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔فوج کی پاکستان کے معاشی معاملات کو سلجھانے میں مدد دینے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں فوج کی ایک ادارہ جاتی سٹرینتھ اور اسے جب بھی کسی بھی معاملے میں استعمال کیا تو اس کے بہتر نتائج نکلے، مگر یہ مسائل کا طویل المدتی حل نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ درحقیقت ہمارے سویلین اداروں کو اس ضمن میں کام کرنا تھا مگر انھیں ایک بری صورتحال کا سامنا ہے، وہ اپنے تیئں کام نہیں کر پا رہے، تو کیا یہ حل ہے کہ ملٹری کی صورت میں ملک میں جو مضبوط ادارے ہیں کیا انھیں بھی اس کام میں لگا کر کمزور کر دیا جائے؟ حل یہ نہیں ہے، حل یہ ہے کہ سویلین اداروں کو مضبوط کیا جائے اور جب تک یہ کام نہیں ہوتا تب تک ملٹری یا مضبوط اداروں سے یہ اضافی کام لیا جائے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف اس معاملے میں بہت احسن طریقے سے کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں