نگلاگیا ٹوتھ برش 52 سال بعدنکال لیا گیا

انہوئی ( مانیٹرنگ ڈیسک )چین کے صوبہ انہوئی سے تعلق رکھنے والے64سالہ یانگ نے جب پیٹ میں عجیب سی بے چینی محسوس کی تو ڈاکٹر کے پاس گیا جہاں ایک حیران کن انکشاف ہوا، اس کی آنت میں گزشتہ52برسوں سے ایک ٹوتھ برش پھنسا ہوا تھایانگ نے بتایا کہ اس نے یہ ٹوتھ برش 12 سال کی عمر میں نگل لیا تھا لیکن خوف کے مارے اپنے والدین کو کچھ نہ بتایا۔ اسے امید تھی کہ برش خودبخود تحلیل ہو جائے گا اور چونکہ اس نے کبھی تکلیف محسوس نہیں کی اس لیے یہ بات بھول بھی گیا۔لیکن حالیہ دنوں میں شکایت بڑھنے پر جب اس کا معدہ چیک کیا گیا تو ڈاکٹروں نے چھوٹی آنت میں 17 سینٹی میٹر لمبا ٹوتھ برش پھنسا ہوا پایا۔ ہسپتال کے ماہرین نے فوری اینڈوسکوپک سرجری کرتے ہوئے تقریباً 80 منٹ میں برش نکال لیا۔ڈاکٹر ژو کے مطابق عام حالات میں اس طرح کی چیز آنت میں گھوم کر اندرونی بافتوں کو زخمی کر سکتی ہے، یہاں تک کہ سوراخ یا موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ تاہم یانگ خوش قسمت رہا کہ برش آنت کے ایک موڑ میں پھنسا رہا اور حرکت نہ کر سکا۔یہ ہسپتال کی پچھلے تین برسوں میں نکالی گئی سب سے لمبی اشیا میں سے ایک تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ برس چین کے صوبہ سیچوان میں ڈاکٹروں نے ایک خاتون کے پیٹ سے 15 سینٹی میٹر لمبی سپر گلو کی ٹیوب بھی نکالی تھی جو خاتون نے غلطی سے نگل لی تھی اور یہ سمجھتی رہی کہ نظام ہضم اسے سنبھال لے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی سنگین صورتحال سے بچنے کے لیے باقاعدہ جسمانی معائنہ کروانا بے حد ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں