نگہبان رمضان پیکج،معذور شخص کو ”ہڑپ”کی جانیوالی رقم مل گئی،9مقدمات درج

جڑانوالہ (نامہ نگار) ”ڈیلی بزنس رپورٹ کی خبر پر کمشنر مریم خاں کا نوٹس” ریٹیلرز کو معذور شخص کو ملنے والی رمضان نگہبان پیکج کی رقم ادا کرنا پڑی،جبکہ تحصیل انتظامیہ رقم کی ادائیگی کے وقت کٹوتی کرنیوالے 9ریٹیلرز کیخلاف الگ الگ مقدمات کا اندراج کروا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 3روز قبل ڈیلی بزنس رپورٹ میں خبر شائع ہوئی تھی کہ نیا بازار میں واقع ریٹیلرز نے چک نمبر 235گ ب کے رہائشی معذور شخص ریاست علی کا انگوٹھا لگوا کر بائیو میٹرک تصدیق کے بعد رقم ادا نہ کی تھی مگر 26گھنٹے بعد اسکے موبائل فون پر رقم نکلنے کا مسیج آ گیا تھا جس پر مذکورہ شخص نے سر پکڑ لیا ریٹیلرز کی جانب سے مبینہ فراڈ کے ذریعے معذور شخص کی رقم ہڑپ کرنے کے معاملہ کا کمشنر فیصل آباد مریم خاں نے نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی تھی کی مذکورہ شخص کو اسکی رقم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے خبر کی اشاعت کے بعد کمشنر فیصل آباد مرہم خاں کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب اور حلقہ پٹواری نے معذور شخص ریاست علی سے رابط کیا اور معاملہ بارے چھان بین کی تو معذور شخص نے بتایا کہ ریٹیلرز نے انگوٹھے کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد اسے رقم ادا نہ کی ہے اور 26گھنٹے بعد اسکے موبائل فون پر اکائونٹ سے رقم نکلنے کا مسیج آ گیا۔ ذرائع کے مطابق خبر کی اشاعت پر کمشنر فیصل آباد کی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ مداخلت پر ریٹیلرز نے معذور شخص ریاست علی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری رمضان نگہبان پیکج کی 10ہزار روپے رقم ادا کر دی ہے جبکہ دوسری جانب تحصیل انتظامیہ نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے رمضان نگہبان پیکج کی رقم کی ادائیگی پر کٹوتی کرنیوالے 9ریٹیلرز عبد الاحد، سلیمان ساکنان 266ر-ب، اویس ساکن 206ر-ب، مشتاق، شاہد ساکنان 74ر-ب، امجد عباس ساکن 353گ ب اور 3کس نامعلوم افراد کیخلاف تھانہ کھرڑیانوالہ اور تھانہ سٹی میں الگ الگ مقدمات کا اندراج کروا دیا ہے جبکہ خبر کی اشاعت کے بعد معذور شخص کو رمضان نگہبان پیکج کے پے آرڈرز رقم کی ادائیگی ملنے پر اہلخانہ نے ڈیلی بزنس رپورٹ کی کاوش کو سراہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں