نہر میں نہانے والا25سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی نوجوان نہروں کا رُخ کرنے لگے، گٹ والا پارک سے ملحقہ نہر میں ڈوب کر ایک اور 25سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، اس طرح دو ہفتوں کے دوران نہر میں ڈوبنے والے نوجوانوں کی تعداد 9ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز گٹ والا پارک چوہدری نذیر ہائوس کے قریب 25سالہ نوجوان محمد جاوید ولد بشیر احمد سکنہ 77ٹی ڈی اے لیہ نہر میں ڈوب گیا، مذکورہ نوجوان بسلسلہ روزگار لیہ سے فیصل آباد آیا ہوا تھا اور مقامی فیکٹری میں کام کرتا تھا، گزشتہ روز ساتھیوں کے ہمراہ نہر میں نہانے کیلئے آیا اور نہر میں غوطہ لگایا تو باہر نہ آیا، تاہم ریسکیو1122 ٹیم نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن کرتے ہوئے نعش کو تلاش کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں تین روز قبل جڑانوالہ سٹی کے قریب گوگیرہ برانچ میں ڈوبنے والے 18سالہ زین عباس ولد امتیاز سکنہ انورآباد کی نعش وقوعہ سے 16کلومیٹر اور ستیانہ کے قریب 25والی پل کے قریب سے مل گئی جسے حوالہ پولیس کر دیا گیا، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو نہر میں نہانے کیلئے نہ جانے دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں