نہم اور دہم کے طلبہ کیلئے نئی رجسٹریشن فیس کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے 9ویں اور 10ویں جماعت کے طلبا کیلئے تعلیمی سال 2025سے 2027تک کے لیے نظرثانی شدہ رجسٹریشن فیس کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نئی فیس کے مطابق، کل رجسٹریشن فیس بڑھا کر 2,910 روپے کر دی گئی ہے جو کہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے،رجسٹریشن فیس 1,100روپے ، پراسیسنگ فیس: 630روپے، بورڈ ڈیولپمنٹ فنڈ: 300روپے، سکالرشپ فیس: 180 روپے، اسپورٹس فیس: 200روپے کر دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ، سکولز اپنی جانب سے 500روپے الگ سے وصول کریں گے۔ مزید برآں، اسکول دیگر خدمات کے نام پر 300سے 500روپے اضافی بھی لے سکتے ہیں۔ نئی فیس سرکاری اور نجی دونوں اداروں پر لاگو ہوگی،رجسٹریشن کا عمل 29مئی 2025سے بغیر لیٹ فیس کے شروع ہوگا، تاہم 30مئی سے 13جون کے درمیان رجسٹریشن کرانے والے طلبا کو 600 روپے لیٹ فیس ادا کرنا ہوگی۔ رجسٹریشن کے لیے صرف وہی طلبا اہل ہوں گے جن کی عمر یکم اگست 2025تک کم از کم 11سال 2ماہ ہو۔ رجسٹریشن کا عمل آن لائن مکمل ہوگا تاہم اسکولز کو رجسٹریشن دستاویزات کی ہارڈ کاپی متعلقہ بورڈ آفس میں بھی جمع کروانا ہوگی۔ طلبا کو رجسٹریشن کے دوران ب فارم (B-Form)بھی فراہم کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں