1

نیا ڈیزاسٹربجٹ متعارف کروانے کی تیاریاں

اسلام آباد (بیوروچیف) وزارت خزانہ نے وفاقی بجٹ 2026-27 میں وفاقی وزارتوں اور محکموں کے لیے نیا ڈیزاسٹر بجٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو باقاعدہ پروفارما جاری کر دیا ہے ۔وزارت خزانہ نے تمام پرنسپل اکانٹنگ آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ قدرتی آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں سمیت بجٹ کی تفصیلات مقررہ پروفارما پر جمع کرائیں۔ نئی ہدایات کے تحت وفاقی وزارتوں اور محکموں کے لیے ڈیزاسٹر بجٹ ٹیگنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے ذریعے قدرتی آفات اور حادثات سے متعلق اخراجات کی واضح درجہ بندی کی جائے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت لانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں مثر مالیاتی منصوبہ بندی کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ نئی گائیڈ لائنز کے تحت آفات سے متعلق اخراجات کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں آفات سے قبل تیاری (DRPPS)، ہنگامی و فوری ردعمل (DRRSE)، بحالی (DRRRN) اور تعمیر نو (DRRCN) شامل ہیں۔وزارت خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزارتیں اور محکمے اپنے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں کو اہمیت کے مطابق چار گروپس میں تقسیم کریں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان سے ہم آہنگ منصوبوں کو 75 سے 100 فیصد تک بجٹ ترجیح دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں