نیوزی لینڈ کو بھارت کے ہاتھوں شکست

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025کے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44رنز سے شکست دے دی۔دبئی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اسٹیج کے بارہویں اور آخری میچ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 250رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 45اعشاریہ 3اوورز میں 205رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی۔دونوں ٹیمیں دبئی اسٹیڈیم میں مدمقابل تھیں، جہاں یہ میچ ٹورنامنٹ میں صرف ایک رسمی کارروائی تھا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 81رنز بنا کر نمایاں رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 7چوکے لگائے، مچل سینٹنر 28، ول ینگ 22اور ڈیرل مچل نے 17 رنز بنائے۔ٹام لیتھم 14اور گلین فلپس 12رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ راچن رویندرا 6، مائیکل بریسویل اور میٹ ہینری 2، 2 رنز بنا سکے۔بھارت کے ورون چکرورتی نے 42رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہاردیک پانڈیا، اکشر پٹیل اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کروانے کا فیصلہ کیا تھا، میچ میں نیوزی لینڈ کی فیلڈنگ شاندار رہی، جس کی وجہ سے بھارت بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا اور مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں پر 249رنز بنائے تھے۔اننگز کے آغاز میں آج بھارت کا ٹاپ آرڈر ناکام ہوگیا تھا اور ابتدائی 3وکٹس 6.4اوورز میں 30رنز پر گر گئیں۔ تاہم اسکے بعد شریاس آئیر نے 79رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انکا ساتھ 42رنز بنانے والے اکشر پٹیل نے دیا۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں پانڈیا نے ذمہ دارانہ 45 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 249کے ہندسے تک پہنچایا۔ دیگر بھارتی بیٹرز میں ایل راہول 23، رویندرا جڈیجا 16، کپتان روہت شرما 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ویرات کوہلی 11، محمد شامی 5، شبھمن گل 2 اور کلدیپ یادیو نے ایک رن بنایا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 5وکٹیں حاصل کی تھیں۔ مچل سینٹنر، ول او رورکے، کائیل جیمیسن اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ لی۔ عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر ورون چکرورتی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے۔نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، ڈیون کونوے کی جگہ ڈیرل مچل کو شامل کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں