55

نیوی ایئر بیس پر حملہ ناکام ، 6دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (نامہ نگار)بلوچستان کے شہر تربت کے قریب نیول ایئر بیس پر مسلح دہشت گرد حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، اس دوران علاقہ گولیوں اور دھماکوں سے لرز اٹھا۔ مکران کے کمشنر سعید احمد عمرانی نے بتایا کہ تربت ایئرپورٹ کے اطراف سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی اطلاع ملی۔انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے ایئرپورٹ کے3اطراف سے حملہ کیا لیکن سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیا اور دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔بتایا جارہا ہے کہ حملے کا ہدف پی این ایس صدیق تھا جو کہ ملک کے سب سے بڑے نیول ایئر اسٹیشنز میں سے ایک ہے۔سکیورٹی حکام نے بتایا کہ تربت ایئرپورٹ کی حدود سے باہر 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ایئرپورٹ کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایف سی کے خصوصی آپریشن ونگ اور بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ نے کامیابی سے دہشت گردوں کو دراندازی سے روک دیا، حساس بحری تنصیبات کے نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تربت شہر میں ایک درجن سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، رات 10 بجے کے قریب شروع ہونے والی فائرنگ علی الصبح تک جاری رہی۔کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دعوی کیا ہے کہ اس حملے کے پیچھے اس کی مجید بریگیڈ کا ہاتھ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں