40

ن لیگ کا 26سابق اراکین پر اعتماد ، 5نئے چہرے ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)فیصل آباد ضلع میں پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے 31حلقوں میں 26پرانے اراکین اسمبلی ‘ٹکٹ ہولڈر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے جبکہ ن لیگ کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کا پہلی مرتبہ الیکشن لڑنے والے پانچ نئے چہرے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے جن میں این اے104کے امیدوار راجہ ریاض احمد شامل ہیں جوپہلی مرتبہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ایم این اے کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ 2018ء کے عام انتخابات میں موصوف نے اسی حلقہ میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑتے ہوئے ن لیگ کو شکست دی تھی ا س سے قبل وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوتے رہے ہیں۔سابق ڈپٹی میئر شیخ محمد یوسف پر پارٹی قیادت نے بھرپور اعتماد کرتے ہوئے پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا ہے اور وہ پی پی 114سے ن لیگ کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں کے داماد رانا احمد شہریار خاں بھی پہلی مرتبہ پی پی 116سے شیر کے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ماضی میں ق لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے چوہدری عارف محمود گل اور چوہدری خالد پرویز گل الیکشن 2024ء میں ن لیگ کی قیادت کو آرام کرنے میں کامیاب رہے اور وہ دونوں اس بار شیر کے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن لڑ رہے ہیں ان میں عارف محمود گل کو پی پی 104اور خالد پرویز گل کو پی پی 107کا انتخابی ٹکٹ دیا گیا ہے۔8فروری 2024ء کے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر پارٹی قیادت کا اعتماد حاصل کرنے والے سابقہ اراکین اسمبلی میں آزاد علی تبسم’ رانا شعیب ادریس’ علی گوہر خان بلوچ’ جعفر علی ہوچہ’ صفدر شاکر’ شہباز بابر گجر’ میاں قاسم فاروق’ رانا ثناء اللہ خاں’ میاں اجمل آصف’ چوہدری ظفر اقبال ناگرہ’ میاں عرفان منان’ فقیر حسین ڈوگر’ رانا علی عباس خاں’ چوہدری عابد شیر علی’ میاں طاہر جمیل’ حاجی اکرم انصاری’ ملک محمد نواز’ شیخ اعجاز احمد’ مہر حامد رشید اور اسرار احمد منے خان شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں