51

ن لیگ کے بڑوں کی آج جاتی امراء میں ”بڑی بیٹھک ”

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن 2024ء کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اہم فیصلے کرنے کے لئے آج 12نومبر بروز اتوار اپنی جماعت کے سرکردہ رہنمائوں اور اپنے قریبی ساتھیوں کا اہم اجلاس جاتی امراء میں طلب کر لیا۔بابائے سیاست چوہدری شیر علی اور ان کے فرزند چوہدری عابد شیر علی بھی اس اہم اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس سے قبل میاں نواز شریف اپنے خاندان کے افراد کو ڈنر دیں گے۔ اس ڈنر میں صرف فیملی ممبران شریک ہوں گے۔ اس کے بعد مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں میاں نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھی شرکت کریں گے۔جس میں ا لیکشن 2024ء کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیںگے۔ پارٹی امیدواروں کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ کس جماعت کے ساتھ سیاسی اتحاد بنانا ہے یا نہیں بنانا اس موضوع پربھی سیرحاصل گفتگو ہو گی۔ن لیگ کے اندرونی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف چاہتے ہیں کہ 2024ء کا الیکشن مکمل تیاری کے ساتھ لڑا جائے۔متحرک اور فعال امیدواروں کو میدان میں اتارا جا ئے۔یہ بھی سننے میں آ رہا ہے کہ میاں نواز شریف نے 50رکنی سیاسی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی پروگرام بنایا ہے۔ جس میں بزرگ سیاستدانوں کو شامل کیا جائے گا اور جن جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ نہیں ملیں گے ان میں سے اکثر و بیشتر اس سیاسی کمیٹی کا حصہ بنیں گے۔آج کے مشاورتی اجلاس میں اس سیاسی کمیٹی پر بھی اظہار خیال کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں