واسا اور کنٹریکٹ کمپنی کے مابین ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کا تعمیراتی معاہدہ طے پا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آ با د اور کنٹریکٹ کمپنی کے مابین33ایم جی ڈی کے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کا تعمیراتی معاہدہ طے پا گیا۔ اس ضمن میں ایک خصوصی تقر یب کا انعقاد کیا گیاجسکی صدارت مینجنگ ڈائر یکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کی مہمان خصوصی ڈنمار ک سفارتخانہ کے ہیڈ مسٹر پیٹرایمل نیلسن (Mr.Peter Emil Nielsen)جبکہ مہمان اعزاز سینئر چیف اربن ڈویلپمنٹ پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب یاسر مبین تھے۔ تقریب کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کامران رضا اور کنٹریکٹر کمپنی منک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مسٹر رسمس شمڈٹ پیٹرسن (Mr. Rasmus Schmidt-Petersen) نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ فیصل آباد کا سیوریج بغیر ٹریٹ کئے دریائے راوی اور چناب میں جاتا تھا جس سے ماحولیاتی اور فضائی آلودگی نمایاں تھی تاہم 33 ملین گیلن ڈیلی کیپسٹی کے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کی تکمیل سے ایک طرف شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات ملے گی جبکہ دوسری طرف ٹریٹ کردہ پانی فصلوں کے لئے کارآمد ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور ڈنمارک گورنمنٹ اس میگا پراجیکٹ کو سپورٹ جبکہ واسا فیصل آباد بطور ماڈل ایجنسی اس پراجیکٹ میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے اور یہ پنجاب بھر میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کا واحد اور میگا پراجیکٹ ہے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے فارن ڈونر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ کرنے کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور توقع ہے ایسے مزید پراجیکٹس پر بھی کام کیا جائے گا۔ پاکستان میں ڈنمارک ایمبسی کے سربراہ مسٹر پیٹر ایمل نیلسن (Mr. Peter Emil Nielsen) نے کہا کہ ڈنمارک حکومت فیصل آباد کے عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات کے لئے اس پراجیکٹ کو شروع کروا رہی ہے جس کے لئے واسا فیصل آباد کے ساتھ مکمل معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈنمارک دنیا بھر میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد پراجیکٹس پر کررہا ہے اور یہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ عوام کو سہولیات کی فراہمی کا پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل کے لئے بہت پرجوش ہیں۔ سینئر چیف یو ڈی پی اینڈ ڈی بورڈ لاہور یاسر مبین نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ صرف فیصل آباد نہیں بلکہ پنجاب کے لئے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پنجاب حکومت وزیراعلی کے ویژن کے مطابق سیوریج اور واٹر سپلائی کے لئے بہت وسیع پیمانے پر کام کررہی ہے جس سے عوام کو سینی ٹیشن کی معیاری سہولیات فراہم ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں جس سے عوام کے صحت کے مسائل میں بھی نمایاں کمی واقع ہو گی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ فیصل آباد کے عوام کے لئے ایک انقلابی پراجیکٹ ہے جس سے عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات حاصل ہو گی۔ انہوں نے پراجیکٹ بارے بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ پراجیکٹ 2028 میں مکمل ہو گا جس کے لئے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کو موبلائز کر دیا گیا ہے اور یہ پنجاب بھر میں اپنی نوعیت کا میگا اور منفرد پراجیکٹ ہو گا۔ تقریب کے دوران کنسٹلٹس اور کنٹریکٹر فرمز نے اپنے اپنے اداروں کی اچیومنٹس بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ آخر میں مہمانوں کو فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر کے سوینئر بھی پیش کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں