فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)واسا عملے کی مجرمانہ غفلت کے باعث دستگیر کالونی راجہ غلام رسول نگر میں سوئی گیس پائپ لائن زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔ جس کے باعث وہاں پر PTCLکیبل کا کام کرنے والے دو محنت کش بری طرح جھلس کر ہسپتال پہنچ گئے۔ دھماکے کی وجہ سے آدھے سے زائد شہر کی گیس بند رہی۔ ان علاقوں کے مکینوں کو ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک کے لئے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تندوروں پر رات گئے تک رش لگا رہا۔تفصیلات کے مطابق واسا کے عملے نے دستگیر کالونی میں سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران وہاں سے گزرنے والی گیس پائپ لائن ڈیمج ہو گئی۔ جس پر واسا عملے نے سوئی گیس افسران کو آگاہ کرنے کی بجائے اس گڑھے کو مٹی سے بھر دیا اور چلے گئے دو روز قبل وہاں پر پی ٹی سی ایل کیبل ڈالنے کے لئے کھدائی کی گئی تو مذکورہ گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی اور وہاں پر کام کرنے والے دو محنت کش 20سالہ صدیق اور 23سالہ آفتاب بری طرح جھلس گئے جنہیں طبی امداد کے لئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر د یا گیا۔ اطلاع ملنے پر سوئی گیس پائپ لائن کا عملہ اور افسران موقع پر پہنچ گئے۔ مذکورہ گیس پائپ لائن کی مرمت کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کیاگیا اس وجہ سے آدھے سے زائد شہری و دیہی علاقوں کی گیس بند رہی۔ اس علاقوں کے مکینوں کو کھانا بنانے کے لئے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔
76