واسا فیصل آباد کے سیوریج واٹر کے تیز رفتار بہاؤ کیلئے مین چینلز کی بحالی کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آباد کے سیوریج واٹر کے تیز رفتار اور آسان بہا کو یقینی بنانے کیلئے مین چینلز کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے16مارچ تک مجوزہ سکیموں کے پی سی ون تیار کر کے پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائر یکٹر انجینئرنگ ڈاکٹر عثمان لطیف اور ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی واسا فیصل آباد بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شامل ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واسا فیصل آباد کے زیر انتظام تمام مین چینلز اور ڈرینج لائنزکو مکمل طور پر بحال کیا جائے تاکہ سیوریج واٹر کی متعلقہ پہاڑنگ اور مدھوآنہ ڈرینز تک باآسانی ٹرانسپورٹیشن مکمل ہو سکے۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کو16 مارچ تک کی ڈیڈ لائن دی کہ وہ تمام مین چینلز اور ڈرینج لائن کی مکمل بحالی کی سکیموں کے پی سی ون تیار کریں اور بورڈ کو ارسال کئے جائیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بتایا کہ مین چینلز اور ڈرینج لائنز کی بحالی کے منصوبے کا مکمل سیوریج اور آپریشنز سسٹم کو مضبوط بنانا ہے تاکہ مون سون سیزن میں اربن فلڈنگ جیسے چیلنجز سے پیشنگی نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں